گندی سیاست کا حصہ مت بنیں۔


"افسوس صد افسوس"


شخصیت پرستی کا شکار ہو کر یہ بھی بھول گئے کہ آپ لوگ کہاں پر موجود ہیں؟ کس کے سامنے ہیں؟ مسجد نبوی جیسی عظیم الشان جگہ پر سیاست کو گھساتے ہوئے ایک لمحے کے لیے بھی شرم نہ آئی یار؟ یہاں پاکستان کے کونے کونے میں آپ لوگ سیاسی مخالفت کی آڑ میں ایک دوسرے کو گالیاں دیتے ہیں، گریبان سے پکڑ لیتے ہیں، ماں بہن کے کردار پر انگلی اٹھانے تک سے گریز نہیں کرتے۔ ایک دوسرے کے جنازے میں شرکت کیلئے بھی ہزار بار سوچیں گے اور پھر اسی مخالفت میں جنازے بھی تقسیم ہو جاتے ہیں۔ 

مسجد نبوی کے اندر یہ سب ہوا یا اس کے احاطے میں یا قریب۔۔۔۔ جہاں بھی۔۔

ایک اس جگہ کو تو رہنے دیتے، یہ سیاست نہیں تباہی ہے جہالت ہے۔ وہاں بھی فیصلہ آپ کریں گے کہ کون چور ہے اور کون متقی پرہیز گار ہے؟ ٹھیکدار ہیں آپ لوگ؟ سرٹیفکیٹ لیے گھوم رہے ہیں؟ وہاں اپنے گناہوں کی معافی مانگی جاتی ہے وہاں مالک کی رحمتیں مانگی جاتی ہیں اس کے کرم کا سایہ طلب کیا جاتا ہے۔ جہاں ندامت سے عاجزی کے ساتھ سر جھکا کر جانا ہوتا ہے وہاں آپ نے لوگوں کا احتساب شروع کر دیا بجائے اپنے گریبان میں جھانکنے کے لوگوں پر فقرے کسنا شروع کر دیے؟ آہ


واصف علی واصف صاحب فرماتے ہیں

"دوسروں کی نماز یا عبادات پر بات تب کرو جب تمہیں یقین ہو کہ تمہاری نمازوں اور عبادات کو قبول کر لیا گیا ہے؟ تمہیں تو اپنا نہیں معلوم کہ قبول ہوئی ہیں یا تمہارے منہ پر مار دی گئی ہیں؟" کوئی چور ہے ڈاکو ہے جو بھی ہے وہ جس جگہ پر موجود ہے وہاں احترام لازم ہے۔خدارا  سیاسی جماعت بندی میں اس حد تک نہ جائیں۔ 2019 میں عمران خان پر حرم میں ایک دو لوگوں نے اس طرح کے جملے بولے تھے اور تب مریم نواز نے کہا تھا "ابھی تو صرف آغاز ہے" ۔۔ آج ان لوگوں کے ساتھ ہو گیا مگر کرنے والے کیوں نہیں سمجھتے کہ آپ ایسا کیوں کر رہے ہیں؟ گندی سیاست کا حصہ مت بنیں۔ 

افسوس صد افسوس! 

میں اکثر سوچتا تھا کہ کسی بھی سیاسی لیڈر کا انتقال ہو جائے اسے قتل یا شہید کر دیا جائے تو لوگ اپنے ہی ملک اور املاک پر حملہ کیوں کرتے ہیں؟ کیا وہ اتنے کم عقل اور جاہل ہیں کہ اپنا ہی گھر جلانے سے باز نہیں آتے۔ یہ کیسے لوگ ہیں؟ کوئی اتنا جاہل کیسے ہو سکتا ہے؟ لیکن جو کچھ اب کیا گیا ہے اس کے بعد اچھی طرح سمجھ گیا ہوں کہ ایک ٹولہ ایسا موجود ہے جو ہر جگہ اپنا منفی کردار ادا کرتا ہے ہر جماعت کے ساتھ مل کر یہی ایک ٹولہ ایسے کاموں میں سر فہرست ہے۔۔

ایسا کرنے والے کسی بھی سیاسی جماعت سے تعلق رکھتے ہوں یا کسی بھی شخص کے فالوور ہوں۔۔

یہ جاہلوں کا ٹولہ ہے۔۔۔ 

اللہ ہمارے حال پر رحم کرے آمین۔۔

Comments